مہو بہ ، 9جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں جھانسی-مرزا پور قومی شاہراہ پر سوگیرا موڑ کے قریب پیر (9 جنوری) کو ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ یہاں صبح کے وقت بھینسوں سے لدا کنٹینر مسجد سے ٹکرا کر الٹ گیا اور اس حادثے میں کنٹینر ڈرائیور اور 40 بھینسیں ہلاک ہوگئیں۔
اس پورے واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے کولپہار علاقے کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سی او) امیش چندر نے بتایا کہ پیر کی صبح بھینسوں کو لے کر جا رہا ایک تیز رفتار کنٹینر کولپہار کوتوالی علاقے میں سڑک کے کنارے مسجد سے ٹکرا گیا اور پلٹ گیا۔ اس حادثہ میں ڈرائیور راجیش پٹیل (32) اور کنٹینر میں لدی 40 بھینسوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔اس کے ساتھ ہی پولیس نے بتایا کہ یہ کنٹینر مدھیہ پردیش کے دموہ ضلع سے 60 بھینسوں کو لے کر ہمیر پور ضلع کے رتھ شہر جا رہا تھا کہ سوگیرا گاؤں کے موڑ کے قریب بے قابو ہو کر پہلے سڑک کنارے مسجد سے ٹکرا گیا اور پھر پلٹ گیا۔ سی او نے بتایا کہ حادثے کی وجہ سے دوپہر تک ٹریفک میں خلل پڑا رہا اور بڑی مشکل سے ڈرائیور اور 40 بھینسوں کو کنٹینر کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس حادثے میں 20 بھینسیں زخمی ہوئی ہیں، جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور کا اسسٹنٹ سجاد (29) اور خلاسی راجیش (30) ساکن دموہ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ جنہیں علاج کیلئے میڈیکل کالج جھانسی میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیپک کشواہا کا مسجد کے ساتھ والا گھر اور مادھو گپتا کی دکان کو بھی اس حادثے میں نقصان پہنچا۔ اس حادثے کے بعد جے سی بی مشینیں بلا کر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس سے شاہراہ پر آنے اور جانے والی گاڑیوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔